نئی دہلی، 9؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )لوک سبھا میں آج کانگریس کے ایک رکن نے وزیر اعظم فصل بیمہ یوجنا پر حکومت کی تنقید کرتے ہوئے کی اس اسکیم کے ذریعہ کسانوں کے بجائے انشورنس کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کا الزام لگایا۔وقفہ صفر میں اس موضوع کو اٹھاتے ہوئے کانگریس کے دپیند ر ہڈا نے کہا کہ ان کی ریاست ہریانہ میں ایسے معاملے سامنے آئے ہیں جن میں کسانوں کی رضامندی کے بغیر ان کے کھاتوں سے فصل بیمہ یوجنا کی پریمیم رقم کاٹ لی گئی۔انہوں نے پریمیم کی شرح زیادہ ہونے کا بھی الزام لگایا۔انہوں نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت نے یہ اسکیم کسانوں کے بجائے انشورنس کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے شروع کی ہے۔ہڈانے کہا کہ اس اسکیم میں خامیاں ہے جنہیں حکومت کو دور کرنا چاہیے ۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ حکومت کو اس یوجناکانام وزیر اعظم فصل بیمہ یوجنا کی جگہ کسان لوٹ یوجنا کر دینا چاہیے تاکہ وزیر اعظم کا نام بھی بدنام نہ ہو۔سوابھیمان پارٹی کے راجو شیٹی نے گنے کی کاشت کرنے والے کسانوں کا موضوع اٹھاتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ سال زیادہ چینی کی پیداوار کے پس منظر میں چینی ملوں کے مالکان کو برآمد کرنے کا مشورہ دیا تھا اور خسارے میں برآمد کے عوض میں400روپے فی کوئنٹل کی گرانٹ دینے کی یقین دہانی کرائی تھی ۔انہوں نے کہا کہ چینی ملوں کے مالکان کو گرانٹ نہ ملنے کی وجہ سے وہ کسانوں کا بقایا نہیں دے رہے ہیں، حکومت کو بقایا پیسے کسانوں کے کھاتو ں میں براہ راست پہنچانی چاہیے۔کانگریس کے کے سریش نے کیرالہ میں کاجو مزدوروں کے مسائل کو اٹھاتے ہوئے مرکزی حکومت سے اس پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔انا ڈی ایم کے کے کے کامراج نے قومی مویشی اسکیم کے تحت تمل ناڈو کو اس سال زیادہ الاٹمنٹ دینے کامطالبہ کیا۔